
نیویارک: اقوام متحدہ کے سربراہ انتونیو گوتیریس کے ترجمان فرحان حق نے کہا ہے کہ غزہ میں بے گھر فلسطینیوں کی رہائش کا مسئلہ اس وقت سب سے سنگین اور نمایاں چیلنج بن چکا ہے جس کا سامنا محصور علاقے کو ہے۔
فرحان حق نے وضاحت کی کہ غزہ میں داخل ہونے کی اجازت دی جانے والی خیموں کی تعداد بے گھر افراد کی تیزی سے بڑھتی ہوئی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے ہرگز کافی نہیں۔ جبکہ قابض اسرائیل کے محاصرے اور مسلسل سفاکیت کے باعث انسانی حالات پہلے ہی نہایت ابتر ہو چکے ہیں۔ فرحان حق کہا کہ غزہ کی پٹی میں اشیائے ضروریہ کی ترسیل پر عائد تمام پابندیاں فوری طور پر ختم کی جانی چاہئیں، کیونکہ ان پابندیوں کا تسلسل انسانی بحران کو مزید گہرا کر رہا ہے اور نہتے فلسطینی شہریوں کی اذیتوں میں اضافہ کر رہا ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ قابض اسرائیل کی جانب سے سامان کی آمد و رفت پر قدغنیں برقرار رکھنا اجتماعی سزا کے مترادف ہے۔


































