
اسلام آباد: دفترِ خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرہ بلوچ کا کہنا ہے کہ غیر ملکی حکومت کے ایسے ردِعمل کو خوش آمدید نہیں کہتے جو پاکستان کے اندرونی معاملات میں مداخلت ہو، دیگر ممالک کو پاکستان کے اندرونی امور پر بیان دینے کی ضرورت نہیں۔ غیر ملکی حکومتوں کو پاکستان کے اندرونی معاملات میں مداخلت سے باز رہنا چاہیے۔ اسلام آباد میں ترجمان دفترِ خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ نے ہفتہ وار پریس بریفنگ میں بتایا کہ پاکستان اور ترکیہ کا باہمی سیاسی مشاورت کا 7 واں دور گزشتہ ہفتے اسلام آباد میں ہوا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ فریقین نے پاک ترک اسٹریٹجک فریم ورک کو مستحکم بنانے پر اتفاق کیا ہے۔ ترجمان دفترِ خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ نے کہا ہے کہ پاکستان الاقصیٰ مسجد کی توہین کی مذمت کرتا ہے، اسرائیل جنیوا کنونشن کی خلاف ورزیاں کر رہا ہے، غزہ میں اسرائیل کے انسانیت سوز مظالم جاری ہیں، اسرائیل کو غزہ میں نسل کشی پر جواب دہ بنایا جائے۔
ممتاز زہرا بلوچ نے مزید بتایا کہ امریکا میں گرفتار آصف مرچنٹ کے حوالے سے اب تک کوئی پیش رفت نہیں ہوئی، اس حوالے سے امریکی حکومت کی جانب سے کوئی معلومات فراہم نہیں کی گئیں، اس معاملے پر پاکستان امریکا کی جانب سے معلومات فراہم کرنے کا منتظر ہے۔


































