
تہران : ولی امر مسلمین آيت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے فلسطین کے حامی امریکی طلبہ کے نام خط میں ان سے اظہار یکجہتی کیا اور لکھا کہ تاریخ اپنا ورق پلٹ رہی ہے اور اس وقت آپ تاریخ کی صحیح سمت میں کھڑے ہیں۔ انہوں نے لکھا کہ میں یہ خط ان جوانوں کو لکھ رہا ہوں جن کے بیدار ضمیر نے انھیں غزہ کے مظلوم بچوں اور عورتوں کے دفاع کی ترغیب دلائی ہے۔ ولی امر مسلمین نے لکھاکہ آپ نے مزاحمتی محاذ کا ایک حصہ تشکیل دیا ہے اور کھل کر غاصب اور بے رحم صیہونی حکومت کی حمایت کرنیوالی اپنی حکومت کے بے رحمانہ دباؤ کے باوجود ایک شرافت مندانہ جدوجہد شروع کی ہے۔ میں آپ کو یہ یقین دلانا چاہتا ہوں کہ آج صورتحال بدل رہی ہے۔ نیا مستقبل، مغربی ایشیا کے حساس خطے کے انتظار میں ہے۔ عالمی سطح پر بہت سے ضمیر بیدار ہو چکے ہیں اور حقیقت آشکار ہو رہی ہے۔ مزاحمتی محاذ بھی طاقتور ہو گيا اور مزید طاقتور ہوگا اور تاریخ بھی اپنا ورق پلٹ رہی ہے۔


































