
بیروت : حزب اللہ نے قابض اسرائیل کی فوجی گاڑیوں اور اجتماعات پر 11 حملوں کا اعلان کیا ہے۔ حزب اللہ کا موقف ہے کہ یہ کارروائیاں قابض دشمن کی جانب سے سیز فائر کی خلاف ورزیوں کا جواب اور لبنانی سرزمین کے دفاع کا حصہ ہیں۔ حزب اللہ نے جنوب لبنان کے علاقوں بیاضہ، قوزح اور رشاف میں قابض اسرائیلی فوج کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا۔ بیان کے مطابق ان حملوں میں قابض فوج کے گروہوں سمیت ایک مرکاوا ٹینک، ایک ڈی 9 بلڈوزر اور نمیرا بکتربند گاڑی کو تباہ کیا گیا، جس میں براہ راست جانی نقصان کی تصدیق کی گئی ہے۔ اسی تناظر میں قابض فوج کے ریڈیو نے رپورٹ دی ہے کہ سیز فائر کے آغاز سے اب تک حزب اللہ نے تقریباً 70 دھماکہ خیز ڈرون داغے ہیں، جن میں سے 11 حملوں میں قابض اسرائیلی فوج کے متعدد اہلکار ہلاک اور زخمی ہوئے۔ رپورٹ کے مطابق سیز فائر کے آغاز سے اب تک 5 اسرائیلی فوجی ہلاک اور 33 زخمی ہو چکے ہیں۔ ان میں سے 3 ہلاکتیں ڈرون حملوں اور 2 بارودی سرنگوں کے دھماکوں میں ہوئیں، جبکہ 31 فوجی ڈرون حملوں میں زخمی ہوئے۔


































