
کابل : افغانستان میں حزب وحدت کے سربراہ محمد کریم خلیلی نے کہا ہے کہ ہزارہ شیعہ مسلمانوں کی منصوبہ بندی کے تحت نسل کشی کی جا رہی ہے، انہوں نے کہا کہ افغانستان کے شیعہ مسلمان اس سال عید الفطر ایسے عالم میں منا رہے ہیں کہ جب ماہ رمضان میں شیعوں کے خلاف غیر انسانی اقدامات ہوئے اور بڑے پیمانے پر ہزارہ برادری کا قتل عام کیا گیا۔محمد کریم خلیلی نے کہا کہ کئی برسوں میں ہزارہ برادری پر سینکڑوں حملے ہوئے لیکن ایسے حملوں کی نہ صرف تحقیقات نہیں ہوئیں بلکہ دہشت گردوں کے خلاف بھی کوئی اقدام نہیں کیا گیا۔ اور متاثرہ خاندانوں کی مدد بھی نہیں کی گئی۔ حزب وحدت کے سربراہ نے ہزارہ برادری کی نسل کشی پر عالمی برادری اور عالمی اداروں کی خاموشی پر کڑی نکتہ چینی کرتے ہوئے کہا کہ طالبان نے 8 ماہ سے افغانستان کا کنٹرول اپنے ہاتھ میں لیا ہے، لیکن حالات دن بدن بد سے بد تر ہوتے جا رہے ہیں۔


































