
غزہ : حماس نے غزہ کے نظم و نسق کے لیے قائم قومی کمیٹی کو انتظامی اختیارات منتقل کرنے کا عملی فیصلہ کر لیا ہے۔ آئیندہ ہفتے تمام انتظامی فائلیں قومی کمیٹی کے حوالے کردی جائیں گی۔ العربی الجدید اخبار کی رپورٹ کے مطابق حماس رہنما نے کہا کہ تمام اداروں اور دیگر دھڑوں کو ہدایات جاری کر دی ہیں کہ وہ اپنے مقامات خالی کرنے اور تمام فائلیں تیار رکھیں تاکہ انہیں قومی کمیٹی کے حوالے کیا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ اس اقدام کے ذریعے حماس دنیا کے سامنے اور اپنے عوام کے سامنے اس تاثر کو مکمل طور پر ختم کرنا چاہتی ہے کہ وہ جنگ کے خاتمے کے عمل میں کسی قسم کی رکاوٹ یا تعطل کا سبب ہے۔ حماس رہنما کے مطابق عملی طور پر غزہ اب قومی کمیٹی کی نگرانی میں آ چکا ہے اور اب متعلقہ فریقوں پر ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ امداد کی فراہمی تعمیر نو کے آغاز اور غزہ کے عوام کی تکالیف میں کمی سے متعلق اپنے وعدے پورے کریں۔


































