
غزہ : حماس نے سیف القدس آپریشن کی سالگرہ کے موقع پر جدید ہتھیاروں کی نقاب کشائی کردی۔ یہ وہ ہتھیار ہیں جنہیں پہلی بار عزالدین القسام بریگیڈ کے سیف القدس آپریشن میں استعمال کیا گیا۔ ان ہتھیاروں میں عیاش 250 کے میزائل شامل ہے جس کا نام یحییٰ عیاش کے نام پر رکھا گیا ہے، جو عزالدین القسام بریگیڈ کے سینئر کمانڈروں میں سے ایک اور الیکٹرانکس کے شعبے کے ماہر تھے، ان کو 5 جنوری 1996 کو صیہونی ایجنٹوں کی طرف سے ان کے موبائل فون پر نصب کیے گئے ایک بم سے شہید کیا گیا تھا۔
اس میزائل کی رینج 250 کلومیٹر ہے اور یہ بہت زیادہ تباہ کن ہے۔
شہید کمانڈر رائد صبحی العطار کےنام پر رکھے گئے میزائل اے 120 کی رینج 120 کلومیٹر تک ہے۔ ایس ایچ 85 میزائل کا نام شہید کمانڈر محمد ابو شمالہ کے نام پر رکھا گیا ہے جو عزالدین القسام بریگیڈ کی سپریم ملٹری کونسل کے رکن تھے۔ خودکش ڈرون شہاب نے غزہ کے شمالی ساحل پر صیہونی قصبے نیرعوز میں کیمیائی پلانٹ اور اسرائیلی گیس پلیٹ فارم کو نشانہ بنانے جیسے اہم مشن کو کامیابی سے انجام دیا۔ ڈرون الزواری کا نام شہید کمانڈر محمد الزواری کے نام پر رکھا گیا ہے۔ الزواری خودکش ڈرون کے موجد تھے، جنہیں موساد نے 2016 میں تیونس میں شہید کر دیا تھا۔ فلسطینی مزاحمت کاروں نے ان ڈرونز کا استعمال دشمن کے ٹھکانوں، اڈوں اور صیہونی بستیوں کی شناخت اور نگرانی کے لیے کیا تھا۔


































