
غزہ : حماس نے غزہ میں جنگ بندی کے بعد دوبارہ داخلی کنٹرول مضبوط کرنا شروع کر دیا ہے اور نوے فیصد سے زائد علاقوں پر دوبارہ کنٹرول حاصل کرلیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق جنگ بندی کے بعد غزہ کی تباہ حال صورتحال میں حماس کی عسکری ساخت ٹوٹ کر گوریلا طرز کی کارروائیوں تک محدود ہو چکی تھی اور اس کی بڑی قیادت ماری گئی تھی۔ تاہم چار ماہ بعد مقامی افراد کا کہنا ہے کہ حماس نے نوّے فیصد سے زائد علاقوں میں سکیورٹی، پولیس گشت اور انتظامی ڈھانچے پر دوبارہ کنٹرول حاصل کر لیا ہے۔ شہریوں کو شناختی کارڈ، صحت سے متعلق امور اور عدالتی معاملات کے لیے دوبارہ حماس کے زیرانتظام اداروں سے رجوع کرنا پڑ رہا ہے۔ بازاروں میں تاجروں کا کہنا ہے کہ باقاعدہ پولیس گشت اور سرکاری فیسوں و ٹیکسوں کی سخت وصولی دوبارہ شروع ہو چکی ہے، اور ادائیگی سے انکار پر دباؤ ڈالا جاتا ہے۔ مقامی ذرائع کے مطابق ٹیکس نقد رقم میں وصول کیے جا رہے ہیں تاکہ مالی لین دین کا سراغ نہ لگایا جا سکے اور پرانا نظام خاموشی سے بحال کیا جا سکے۔ دوسری جانب حماس کے ترجمان کا مؤقف ہے کہ ہنگامی حالات کے باعث غیر معمولی اقدامات ضروری ہیں اور یہ اقدامات حکومتی نوعیت کے ہیں، کسی تنظیمی مفاد کے لیے نہیں۔


































