
بیروت : حماس نے غزہ پر جاری اسرائیلی جارحیت کو روکنے کے اپنے عزم کا اعادہ کیاہے اورکہاہے کہ وہ جنگ بندی کیلئے کسی بھی سنجیدہ تجویز پر بات کرنے کو تیار ہے۔ حماس نے اپنے 37 ویں یوم تاسیس پر ایک بیان میں فلسطینی عوام کے حقوق، اصولوں اور امنگوں کی مضبوطی سے پاسداری کے عزم کا اظہار کیا اور کہا کہ وہ اپنے عوام کے خلاف صیہونی جارحیت اور جرائم کو روکنے کے لیے سنجیدہ اور حقیقی اقدامات کا خیرمقدم کرے گی۔ حماس نے زور دے کر کہا کہ فلسطینی عوام کو اپنے مستقبل کا تعین۔ داخلی معاملات کو آزادانہ طور پر منظم کرنے اور کسی بھی ایسے بین الاقوامی یا صیہونی منصوبوں کو مسترد کرنے کا مکمل حق حاصل ہے جس کا مقصد غزہ کے مستقبل کو صیہونی مفادات کے مطابق بنانا ہو۔


































