
دوحہ : سینئر حماس رہنما اسامہ حمدان نے غزہ کے اندرونی معاملات پر کسی بھی بین الاقوامی سرپرستی کو مسترد کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ کوئی بھی غیر ملکی فورس صرف سرحدی ذمہ داریوں تک محدود ہونی چاہیے۔حماس کے سینئر رہنما اسامہ حمدان نے الجزیرہ مباشر کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ غزہ کی داخلی حکمرانی میں کسی بیرونی مداخلت کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے زور دیا کہ اگر کوئی بین الاقوامی فورس تعینات کی جاتی ہے تو اس کا کردار صرف اسرائیلی جارحیت کو روکنے اور جنگ بندی کی خلاف ورزیوں کی نگرانی تک محدود ہونا چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ حماس نے انڈونیشیا کی حکومت سے براہِ راست رابطہ کر کے واضح کر دیا ہے کہ کوئی بھی بین الاقوامی فورس غیر جانبدار کردار ادا کرے اور فلسطینی عوام کی مرضی کے خلاف کوئی قدم نہ اٹھائے۔ انہوں نے کہا کہ ایسی کوئی فورس اسرائیلی قبضے کا متبادل نہیں بن سکتی اور نہ ہی غزہ کے داخلی نظم و نسق میں مداخلت کر سکتی ہے۔


































