
اسلام آباد: فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان اسلام آباد چیپٹر کے زیر اہتمام منعقدہ القدس مرکز و محور کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا ہے کہ رمضان المباک کے آخری جمہ کو دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی یوم القدس منایا جائے گا اور عوام یوم القدس کے اجتماعات میں بھرپور شرکت کریں۔ القدس کانفرنس سے جمعیت علماء اسلام کے وفاقی وزیر سینٹر طلحہ محمود ، پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما فرحت اللہ بابر سابق چیئرمین سینٹ سید نیئر حسین بخاری، مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری، ملی یکجہتی کونسل پاکستان کے رہنما ثاقب اکبر، تحریک نوجوانان پاکستان کے چیئرمین عبد اللہ گل، تحقیقی ادارہ برائے مشرق وسطیٰ کے ڈائرکٹر ناصر شیرازی اور فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے مرکزی سیکریٹری جنرل ڈاکٹر صابر ابو مریم نے خطاب کیا۔
سینٹر طلحہ محمود نے کہا کہ مسئلہ فلسطین عالم اسلام کا سب سے اہم مسئلہ ہے اور اسرائیل عالم اسلام کے قلب میں خنجر کی مانند ہے۔ سیاسی و مذہبی رہنماؤں نے مسجد اقصیٰ کی صہیونی فورسز کی جانب سے مسلسل توہین اور فلسطینیوں پر جاری بہیمانہ تشدد کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور کہا کہ قبلہ اول کے دفاع کے لئے کسی قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ سابق چیئرمین سینٹ سید نیئر حسین بخاری نے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فلسطین اور القدس پر صہیونی غاصبانہ تسلط کے خلاف سراپا احتجاج رہیں گے اور القدس کی بازیابی تک جدوجہد جاری رہے گی کشمیر میں بھارت کی ریاستی دہشتگردی کو امریکی سرپرستی حاصل ہے اور ہم کشمیری عوام کے ساتھ بھرپور یکجہتی کرتے ہیں پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما فرحت اللہ بابر نے عرب ممالک کی جانب سے اسرائیل کے ساتھ تعلقات پر تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ عرب دنیا کے حکمرانوں کو چاہئیے کہ فلسطینی عوام کی پشت پناہی کریں اور اسرائیل کے ساتھ دوستانہ تعلقات کے معاملہ پر نظر ثانی کریں۔ ان کاکہنا تھا کہ عرب حکمرانوں کی جانب سے پاکستان کو اسرائیل کے ساتھ تعلقات قائم کرنے کے دباؤ کی شدید مذمت کرتے ہیں اور پاکستان کے عوام کسی بھی ایسے اقدام کو تسلیم نہیں کریں گے۔
کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سربراہ مجلس وحدت مسلمین علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ مسئلہ فلسطین سمیت عالم اسلام کے تمام تر مسائل کی جڑ شیطان بزرگ امریکہ ہے۔وہ اسرائیل جو گریٹر اسرائیل کی باتیں کرتا تھا آج اس نے اپنے چاروں طرف بڑی بڑی دیواریں کھڑی کردی ۔ کچھ عرب خائن ریاستیں مسلسل کوشش کررہی ہیں کہ دیگر اسلامی ممالک سے اسرئیل کو تسلیم کروائے ۔ا گر ہم نے فلسطین پر کوئی سمجھوتہ کیا تو یہ کشمیر کاز کو تباہ کرنے کے مترادف ہو گا۔


































