
تہران : ولی امر مسلمین آیت اللہ خامنہ ای نے کہاہے کہ اسرائیل کی نابودی کا وعدہ الہی پورا ہوگا۔ حماس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ سے گفتگو کرتے ہوئے ولی امر مسلمین نے کہا کہ جس طرح موسیٰ کی والدہ سے کیے گئے قدرت کے دو وعدے پورے ہوئے اسی طرح امریکا، برطانیہ، اسرائیل اور نیٹو جیسے بڑے گروپ کے خلاف چھوٹے گروپ فلسطین کی فتح کا قدرت کا وعدہ بھی پورا ہوگا۔ خدا کے فضل سے وہ دن آئے گا جب بحر سے نہر تک فلسطین قائم ہوگا۔ اور صیہونی حکومت کی نابودی کا وعدہ الہی پورا ہوگا۔ اسماعیل ہنیہ نے آیت اللہ خامنہ ای کے ساتھ ملاقات میں فلسطینی قوم خاص طور پر غزہ کے عوام کی جانب سے شہید ابراہیم رئیسی و رفقاء کی شہادت پر تعزیت پیش کی۔
قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد الثانی سے بات چیت میں ولی امر مسلمین نےکہا کہ شہید ابراہیم رئیسی کے عظیم نقصان کے باوجود ایران علاقائی ممالک کے ساتھ دوستی کے بندھن کو مضبوط کرتا رہے گا۔ آیت اللہ خامنہ ای نے کہا کہ خطے کے ممالک کے پاس خطے میں استحکام اور امن کو درہم برہم کرنے کی مخالفانہ کوششوں کے مقابلے میں متحد ہونے کے سوا کوئی آپشن نہیں ہے۔


































