
ڈبلن : آئرلینڈ نے بھی عالمی فوجداری عدالت میں اسرائیل کے خلاف نسل کشی کے مقدمے میں باضابطہ طور پر شامل ہونے کا فیصلہ کرلیا۔ آئرلینڈ کے وزیرخارجہ مائیکل مارٹن نے ایک بیان میں کہا کہ آئرلینڈ اسی ماہ آئی سی سی میں جنوبی افریقا کی درخواست کا حصہ بن جائے گا اور عدالت سے نسل کشی کے بارے میں اپنی تشریح کو وسیع کرنے کے لیے کہے گا۔ انہوں نے کہا کہ غزہ میں اسرائیل کی فوجی کارروائیوں کے ذریعے فلسطینی عوام کو اجتماعی سزا دی گئی ہے۔ مارٹن نے اس بات پر زور دیا کہ ہمیں اس بات پر تشویش ہے کہ نسل کشی کی ایک بہت ہی تنگ تشریح استثنیٰ کی ثقافت کو جنم دیتی ہے جس میں شہریوں کے تحفظ کو کم کیا جاتا ہے۔ مارٹن نے مزید کہا کہ حکومت نے اسی کنونشن کے تحت میانمار کے خلاف گیمبیا کے کیس میں شامل ہونے کی منظوری بھی دی ہے۔


































