تحریر: فدا حسین بالہامی
عالمی سطح پر انسانی معاشرے کو جن مسائل نے آگھیرا ہے، ان میں مرد و زن کے مابین صنفی جنگ بھی ایک حساس مسئلہ ہے۔ جس نے انسانی سماج کو ایک غیر ضروری چپقلش میں مبتلا کر رکھا ہے۔ اس چپقلش کے مضر رساں اثرات کو توضیحاً بیان کیا جائے تو مضمون در مضمون والا معاملہ در پیش ہوگا، لہذا کنایتاً چند ایک نکتوں پر ہی اکتفا کرنا پڑے گا۔ اس میں کوئی شک نہیں ہے کہ صنفی اعتبار سے مردوں کو عورتوں پر تفوق حاصل ہے۔ لیکن اس صنفی فوقیت کا غلط استعمال کرکے طول تاریخ میں صنف نازک پر مردوں نے گوناگوں مظالم ڈھائے ہیں۔ ہر خطہ زمین اور ہر گذشتہ تہذیب کے ساتھ داستانہائے ظلم وابستہ ہیں کہ جن سے کتابوں کی کتابیں بھریں پڑیں ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ جب آزادیءنسواں کی تحریک بڑی شدومد کے ساتھ سرزمین یورپ سے اٹھی تو ایک عورت کیلئے اس کا بنیادی منشور ”پیکار با مرد” ہی قرار پایا۔ اس قسم کی تحریکوں سے حقیقی معنوں میں آزادیءنسواں کا پرکشش ہدف حاصل ہوا کہ نہیں ؟یہ ایک الگ بحث ہے، البتہ ان تحریکوں کے نتیجہ میں صنفی منافرت نے ضرور سر اٹھایا، جس کے واضح اثرات کا مشاہدہ انسانی معاشرے میں باآسانی کیا جاسکتا ہے۔
آزادی نسواں کی تحاریک کے پیچھے یہ فکر کارفرما تھی کہ جب تک حوا کی بیٹی اس کے ازلی حریف یعنی آدم کے بیٹوں سے کسی بھی شعبہءزندگی میں معمولی سی معمولی بھی احتیاج رکھتی ہے، اسے ایک آزاد مخلوق قرار دینا سراسر خوش فہمی ہے۔ صنف نازک کی بقاءاور ارتقاءکی راہ میں مردوں کی چودھراہٹ کو واحد سد راہ قرار دیا گیا۔ یہی وجہ ہے کہ آج کی ماڈرن اور بزعم خود (آزادی نسواں کی علمبردار خواتین) مردوں کے شانہ بشانہ نہیں بلکہ ان کے مدمقابل کی حیثیت سے مسافت حیات طے کرنا چاہتی ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ اس صنفی دوڑ نے فریقین کے مابین ایک وسیع خلیج پیدا کی ہے، جس سے قریب دکھائی دینے والے زن و مرد حقیقتاً ایک دوسرے سے بہت دور ہیں۔ مرد بیزاری کی اس سے بڑی مثال اور کیا ہوسکتی ہے کہ آج ڈنمارک اور اس طرح کے بہت سے شہروں میں خواتین کی ایک کثیر تعداد مردوں کی قربت سے زیادہ کتوں کی قربت کو بہتر سمجھتی ہے اور اس سلسلے میں یہ دلیل پیش کی جاتی ہے کہ کتے مردوں کی بہ نسبت وفادار ہوتے ہیں۔(بحوالہ کتابWestern Civilization Through Mislim Eyes. By Syed Mujtaba Mosavi Lâlari
ایک مسلم اسکالر کا مشاہدہ:
ایک مسلم اسکالر اپنے یورپ کے سفر کی روداد میں بیان کرتے ہوئے کہتے ہیں کہ "یورپ میں ریل سفر کے دوران ایک فرنگی جوڑے کے ساتھ وقتی طور میری آشنائی ہوئیو اتفاقاً وہ دونوں بھی میرے ہی کمپاٹمنٹ میں محو سفر تھے۔ تھوڑے عرصے کے بعد عورت نے اپنی غذا سے بھرے ہوئے ایک ڈبے کو کھولا اور بلاتامل کھانا کھانے میں مشغول ہوئی۔ دوسری جانب مرد بھی اپنے ساتھ رکھے ہوئے غذا کے ڈبے میں غذا تناول کرنے میں لگ گیا۔ آپس میں غذا مل بیٹھ کر کھانا اور ایک دوسرے کے ساتھ غذا بانٹنا دور کی بات تھی، اس دوران ان دونوں نے ایک دوسرے کی طرف دیکھا بھی نہیں۔ چنانچہ بے مروتی کا رویہ دیکھ کر مجھ سے رہا نہ گیا اور میں نے فوراً ان سے آپسی رشتے کے بارے میں سوال کیا تو انہوں نے کہا کہ وہ دونوں میاں بیوی ہیں۔ چنانچہ عورت کی غذا قدرے بہتر تھی، لہٰذا میں نے ان سے سوال کیا کہ آپ دونوں اگر میاں بیوی ہیں تو غذا میں یہ تفاوت کیسا؟ تو عورت نے کہا کہ ان دونوں کی طرز زندگی (Life Style) میں یہ فرق دراصل ان کی الگ الگ آمدن پر منحصر ہے۔ اس نے مزید کہا کہ چنانچہ میرے شوہر کی آمدنی مجھ سے بہت کم ہے، اسی لئے اس کو نسبتاً کم درجے کی غذا پر ہی گزر بسر کرنا پڑے گا۔
خواتین کی خود کفالت کا اصل مقصد:
متذکرہ بالا واقعہ اس بات کی غمازی کرتا ہے کہ مغربی دنیا میں خواتین کو زندگی کے مختلف شعبوں علی الخصوص معاشی شعبہ میں ایک مخصوص فکری پس منظر کے ساتھ خود کفیل بنانے کی جو وکالت کی جا رہی ہے۔ اسے رشتہءازدواج میں بندھے مرد و زن کے مابین ایک وسیع خلیج پیدا ہوئی ہے۔ اس تناظر میں ہم یہ کہنے میں حق بجانب ہے کہ بظاہر ایک دوسرے کے قریب، ایک ہی چھت کے نیچے رہنے والے، ایک دوسرے کے ہم سفر کہلانے والے، ایک دوسرے ہمراز و دمساز اور شریک حیات مانے جانے والے جسمانی اعتبار سے قریب ہونے کے باوجود بھی ایک دوسرے سے بہت دور ہیں۔ چونکہ عالم مشرق اس وقت مغرب کی اندھی تقلید پر کمر بستہ ہیں۔ لہذا اس صورت حال کے خفیف اثرات ہمارے معاشروں میں بھی دیکھے جاسکتے ہیں۔ ہمارے یہاں والدین کا اپنی بیٹیوں کو محض اس لئے مروجہ تعلیم سے آراستہ کرنا کہ وہ برسر روزگار ہوں، اس بات کی طرف اشارہ کرتا ہے کہ اب ان کی تعلیم کا مقصد بھی روزگار ہی قرار پایا ہے اور اس روزگار کی حصولیابی کے پیچھے یہی سوچ کار فرما ہے کہ خواتین کسی بھی شعبہ میں مردوں کے محتاج نہ رہیں، حتیٰ کہ ایک زوجہ اپنے شوہر کی بھی اس سلسلے میں دست نگر نہ رہے۔
ضمناً عرض کرتا چلوں کہ خواتین کی خود کفالت سے اگر اس کی حرمت اور عصمت و عفت پر حرف نہ آئے تو اس میں کوئی عیب نہیں ہے۔ کیونکہ یہ اسلام ہی ہے، جس نے سب سے پہلے عورت کو وراثت کا حق اور حق ملکیت دے کر اسے معاشی اعتبار سے خود انحصاری سے نوازا۔ انسان کی خلقت اور بقائ کا نظام جو قدرت نے مقرر کر رکھا ہے، اس کے مطابق مرد و زن ایک دوسرے کے حریف نہیں بلکہ حلیف ہے اور ہرگز ہرگز ان کے ایک دوسرے پر انحصار کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا۔ قرآن مجید نے اس کی صراحت سورہ بقرہ کی آیت میں یوں کی ہے ”ھن لباس لکم وانتم لباس لھن” وہ(عورتیں تمہارے لئے لباس ہیں اور تم(مرد) ان کے لئے لباس ہو” اس آیت کریمہ سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ ہر دو صنف (مرد و زن) مکمل طور ہم آہنگ ہیںن، یز ان کا ایک دوسرے پر انحصار یک طرفہ نہیں بلکہ دو طرفہ ہے۔ ان کا آپس میں چولی دامن کا ساتھ ہونا چاہیئے۔
معاشی اور صنفی بنیاد پر انہیں الگ الگ کرنا کلی طور پر انسانی فطرت کے بر خلاف ہے، جبکہ قرآن نے انہیں ایک دوسرے کا لباس قرار دے کر دراصل اولاد آدم کو یہ بتایا ہے کہ ان میں معنوی قرب نہایت ہی ضروری ہے، کیونکہ لباس کی تین نمایاں خاصیتیں ہوتی ہیں، قربت، حفاظت، زینت۔ قرآن نے یہ جو لباس کا استعارہ استعمال کیا ہے، اس کا اولین مقصد یہی ہوسکتا ہے کہ شوہر اور بیوی میں ایسی قربت ہو جیسے لباس اور بدن کی ہوتی ہے۔ یہ دونوں ایک دوسرے کی عزت و ناموس کی حفاظت کا اہتمام کریں۔ جس طرح لباس انسان کو سردی اور گرمی سے بچاتا ہے، اسی طرح شوہر اور بیوی بھی زندگی کے سرد و گرم اور بدلتے ماحول میں ایک دوسرے کے کام آئیں اور آپسی زینت کا باعث ہوں۔ ان میں دوئی کا شائبہ تک نہ ہو، بلکہ دو جسم ایک جان کی مانند ہوں۔
المختصر مندرجہ ذیل اشعار کا مصداق ہوں:
من تو شدم تو من شدی من جان شدم تو تن شدی
تا کس نہ گوید بعد ازیں من دیگرم تو دیگری
ترجمہ: ”میں تمہاری شخصیت میں سما جاووں اور تمہارا وجود میرے وجود میں زم ہو، میری مثال جان کی سی ہو اور تمہاری جسم کی، یوں کسی کو یہ کہنے کا موقع نہ ملے کہ میں کوئی اور ہوں اور تم کوئی اور ہو۔” لیکن خود انحصاری کا جو لیکھا جوکھا آج عالمی سطح پر ابھر کر سامنے آرہا ہے اور جس نے دنیا کے ہر خطے کو کسی نہ کسی لحاظ اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے، اس کا اصل ہدف یہ ہے کہ زندگی کی گاڑی کو چلانے والے جو دو پہیے (مرد اور عورت) جو اب تک ایک ہی سمت کی جانب رواں دواں تھے) وہ ایک دوسرے کی مخالف سمت میں حرکت کریں۔ ان کے مابین اشتراک ختم ہو جائے اور افتراق سر اٹھائے اور صنفی بنیادوں پر یہ افتراق بشریت کے تار و پود بکھیرنے کے لئے کافی ہے، کیونکہ اس کا راست منفی اثر عائلی زندگی پر پڑتا ہے اور عائلی نظام کی کمزوری معاشرے کی اساس کو ہلا کر رکھ دیتی ہے۔
مساوات بین مرد و زن یا مخاصمت بین مرد و زن:
اس افتراق اور چپلقش کو ہوا دینے کے لئے ”مساوات بین زن ومرد“ کا خوش کن نعرہ لگایا گیا اور سماجی، ثقافتی، سیاسی، اقتصادی، ادبی غرض ہر سطح پر تحریکیں چلائی گئیں۔ جنہوں نے نہ صرف ان کے مابین سرد مہری کی فضاءقائم کی بلکہ سرد جنگ کا سماں پیدا کرنے کے لئے ایک اہم رول اد کیا۔ یہ بھی حقیقت ہے کہ فرسودہ پدر شاہی نظام (MALE DOMINATED SYTEM) نے جہاں ایک عورت کی عظمت و شخصیت کو کافی حد تک پائمال کیا، وہاں اس پدر شاہی نظام (MALE DOMINATED) کو ختم کرنے کے لئے جو بھی تحریکیں اٹھیں۔ ان سے صنفی منافرت و تعصب نے ایک آندھی کی صورت اختیار کی، جو گھروں کے گھر اجاڑ رہی ہے۔ ان تمام ہمہ جہت تحریکات کا احاطہ کرنا یہاں پر کافی طوالت کھینچے گا۔ اس لئے ان میں سے ”مساوات زن و مرد“ کے حوالے سے جو ادبی تحریک سرزمین یورپ سے چلی اور جس نے بعد ازان دیگر مشرقی ادباء، افسانہ نویس، شعراء، ناول نگار اور افسانہ نویسوں کو متاثر کیا، ان کا سرسری جائزہ پیش کیا جائے گا، تاکہ قارئین کرام یہ اندازہ لگا سکیں کہ حقوق نسواں کی بازیابی کا ڈھونڈورا پیٹنے والے کس طرح صنفی جنگ کی آگ کا اندھن بن گئے۔
مساوات نسواں کی ادبی تحریک کا لب لباب:
ادبی سطح پر یورپ کی ایک خاتون مصنفہ ورجینا وولف کا نام ”مساوات نسواں
©“feminism )) کے حامی دانشوروں اور ادیبوں میں سرفہرست مانا جاتا ہے۔ ”حقوق نسواں کی بازیابی“ یا ”مساوات بین مردو زن“ کی ادبی تحریک کا باضابطہ آغاز اس مصنفہ کی ناول نگاری اور مضمون نگاری سے ہوا۔ ان کی قلمی جولانیوں کا نچوڑ بھی یہی تھا کہ مرد نے طول تاریخ میں عورت کا ہمہ پہلو استحصال کر رکھا ہے اور اس صنف نازک پر گونا گوں مظالم روا رکھے گئے ہیں۔ لہذا ضرورت اس بات کی ہے کہ اسے مادر پدر آزادی مل جائے، یہ مرد کے چنگل سے آزاد ہو جائے اور پھر اپنے صنفی دشمن کو لتاڑنے اور پچھاڑنے میں اپنا سارا زور استعمال کرے۔ بنگلہ دیش کی ایک اور گمراہ مصنفہ تسلیمہ نسرین بھی اسی تحریک کا حصہ بنی اور اس نے بھی اپنی تمام تر قلمی نگارشات کو ”مرد ستیزی“ کی نذر کر دیا اور اپنی واہیات کو اسی بہانے منظر عام لائی۔
فروغ فرخ زاد نامی ایک ایرانی شاعرہ جو قبل از اسلامی انقلاب فارسی ادب کے منظر نامے پر شد و مد کے ساتھ نمودار ہوئی اور اس کی فکر کا محور نام نہاد آزادیء نسواں اور ”پیکار با مرد“ ہی تھا۔ اس کی ایک نظم کا ہی نام ”پیکار با مرد“ یعنی ”مرد کے ساتھ جنگ“ تھا۔
ای زن کی دلی پر از صفا داری
از مرد وفا مجو، مجو، ہرگز
او معنیء عشق را نمی داند
راز دل خود او مگو ہرگز
ترجمہ: "اے پاک و پاکیزہ دل رکھنے والی عورت! مرد سے ہرگز ہرگز وفا کی امید نہ رکھ۔ وہ عشق کی معنویت سے ناآشنا ہے۔ ا±س کے سامنے دل کے بھید مت کھول۔“
تنہا تو ماندی ای زن ایرانی
دربند ظلم و نکبت و بدبختی
کو مرد پر غرور، بگو برخیز
کہ اینجا زنی بجنگ تو می خیزد
ترجمہ: "اے ایرانی خاتون! تم ہی ظلم و ذلت اور ناگفتہ بہ حالت میں گرفتار ہو۔ کہہ دو ا±س مرد پ±ر غرور سے کہ اپنا راستہ ناپے، کیونکہ (اب) یہاں تمہارے (مرد کے) خلاف صنف نازک جنگ آمادہ ہے۔”
اردو ادبیات میں بھی مختلف اصناف سخن کے ذریعے اسی بات کا پرچار کیا گیا۔ بڑے ہی زور شور کے ساتھ اس بات کا رونا رویا گیا کہ عورت مرد کے ہاتھوں ہمیشہ پائمال ہوتی رہی۔
عورت نے جنم دیا مردوں کو، مردوں نے اسے بازار دیا
جب جی چاہا مسلا کچلا، جب جی چاہا دھتکار دیا
مردوں کے لئے ہر ظلم روا، عورت کے لیے رونا بھی خطا
مردوں کے لئے ہر عیش کا حق، عورت کے لیے جینا بھی سزا
مردوں کے لئے لاکھوں سیجیں، عورت کے لیے بس ایک چتا
(ساحر لدھیانوی)
صنفی تصادم آرائی کا نتیجہ:
المختصر بشریت کے جو دو پہلو (مرد اور عورت) ایک دوسرے کے بغیر ناقص و نامکمل ہیں، جن کا سرچشمہءوجود یکسان ہے اور جو ایک ہی ماں اور ایک ہی باپ (آدم و حوا) کی اولاد میں سے ہیں، بلکہ ان کی نمائندگی کا فریضہ انہیں کے ذمہ ہے۔ ان کے آپسی معاونت و ہمکاری کے بغیر بشریت کی بقاء و ارتقاءاور تربیت و تکامل ناممکنات میں سے ہیں۔ لیکن افسوس بشریت کے ان دو ازلی حلیفوں کو ابدی حریف بنا کر پیش کیا جا رہا ہے۔ صورت حال کو یوں ایک مثال کے ذریعے سمجھایا جا سکتا ہے کہ مرد اور عورت انسانی جسم میں دائیں آنکھ اور بائیں آنکھ کی حیثیت رکھتے ہیں۔ جب تک یہ دونوں نگاہیں اپنی اپنی جگہ رہ کر بھی ایک ہی ہدف پر اپنی نظروں کو مرکوز رکھے ہوئی ہیں۔ تب تک نگاہ میں کوئی خلل واقع نہ ہوگا۔ ان کو حلیف کے بجائے حریف سمجھنے کا مطلب یہی ہے کہ ان دو آنکھوں کو ایک ہدف پر لگانے کے بجائے ایک دوسرے کے آمنے سامنے کیا جائے۔ تو سوچئے اگر ایک ہی جسم کی دو آنکھوں کو ایک دوسرے کے مدمقابل لایا جائے، نظری تصادم آرائی کو کون روک سکتا ہے اور اس نظری تصادم کے نتائج بشریت کے لئے کس قدر بھیانک ہوں گے۔
اسے بالتفصیل بیان کرنے کی چنداں ضرورت نہیں، کیونکہ اس کے نتائج مشرق و مغرب میں بالکل واضح اور نمایاں ہیں۔ البتہ اس در پردہ صنفی جنگ نے بشریت کو کتنا نقصاں پہنچایا ہے، اس کا اندازہ لگانے کے لئے ایک بات کا ذکر یہاں پر کافی ہوگا کہ شرح طلاق میں عالمی سطح پر 1960ء سے لے کر اب تک قریباً 252 فی صد اضافہ ہوا ہے۔ شرح طلاق میں اس قدر ناقابل یقین اضافہ تو تشویشناک ہے۔ صنفی تصادم آرائی نے بہت سے ایسے گھروں کو اپنا نشانہ بنا دیا ہے، جہاں میاں بیوی ایک ساتھ تو رہتے ہیں، لیکن پھر بھی ایک دوسرے کا ساتھ نہیں نبھاتے ہیں۔ ان کی زندگی آپسی رسہ کشی اور منافرت میں ہی گزر جاتی ہے۔ ”ایلائ “ نامی ایک رسم جو دور جاہلیت میں عربوں میں رائج تھی، اس کے مطابق ایک شوہر اپنی بیوی کو نہ ہی طلاق دیتا تھا اور نہ ہی اسے بساتا تھا۔ بالفعل یہ رسم آج بہت سی جگہوں پر رائج ہے۔(تفصیل کے لئے دیکھئے تفسیر نمونہ صفحہ ۹۲۵)
































