
دوحہ: قطر کے وزیر اعظم اور وزیر خارجہ محمد بن عبدالرحمن آل ثانی نے کہا ہے کہ بین الاقوامی امن کونسل فعال اور قابض اسرائیلی فوج کو غزہ سے نکل جانا چاہئے۔ صحافیوں سے گفتگو میں محمد بن عبدالرحمن آل ثانی نےکہا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی تجویز کردہ بین الاقوامی امن کونسل کو فعال اور استحکام کا عنصر ہونا چاہیے اور اس کے ساتھ ہی قابض اسرائیل کا غزہ سے فوری انخلا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس غزہ میں جنگ بندی کا معاہدہ موجود ہے، لیکن قتل و غارت گری جاری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ غزہ کی انسانی صورتحال اب بھی شدید مداخلت کی محتاج ہے اور پابندیوں کو فوری طور پر ختم کیا جانا چاہیے۔ قطری وزیر نے مزید کہا کہ غزہ میں انسانی امداد کی رسائی بلا روک ٹوک ممکن ہونی چاہیے تاکہ شہریوں کو بنیادی ضروریات فراہم کی جا سکیں۔


































