
غزہ : رواں سال دنیا بھر میں صحافیوں کے لیے تباہ کن ثابت ہوا جس میں 104 صحافیوں کو قتل کیا گیا جن میں سے نصف سے زائد کا تعلق غزہ سے تھا۔ صرف غزہ میں 55 میڈیا ورکرز کو شہید کیا گیا۔ انٹرنیشنل فیڈریشن آف جرنلسٹ (آئی ایف جے ) کے جنرل سیکریٹری انتھونی بلنگر نے کہا ہے سات اکتوبر 2023 کو جنگ کے آغاز سے اب تک 138 فلسطینی صحافی شہید ہو چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ غزہ میں بہت سے صحافیوں کو جان بوجھ کر نشانہ بنایا گیا جبکہ دیگر نے لڑائی میں خود کو غلط جگہ غلط وقت پر پایا۔ مشرق وسطیٰ کے بعد صحافیوں کے لیے دوسرا سب سے خطرناک خطہ ایشیا رہا، جہاں 20 صحافی قتل کیے گئے جن میں سے 6 پاکستان ، 5 بنگلہ دیش میں اور 3 بھارت میں مارے گئے۔ آئی ایف جے نے بتایا ہے کہ رواں سال دنیا بھر میں 520 صحافیوں کو قید و بند کا سامنا کرنا پڑا، گزشتہ سال قید کا سامنا کرنے والے 427 صحافیوں کے مقابلے میں یہ تیز ترین اضافہ ہے۔


































