
غزہ : اسرائیلی فوج کے حملوں میں دو بچوں سمیت تین فلسطینی شہید اور درجنوں زخمی ہوگئے۔ جبکہ ایک بچہ سردی سے دم توڑ گیا۔ اسرائیلی فوج نے جنگ بندی کی خلاف ورزی کرتے ہوئے غزہ کے مختلف علاقوں پر حملے کیے ہیں۔ رفح میں اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے 15 سالہ بچہ جبکہ خان یونس میں سترہ سالہ نوجوان شہید ہو گیا۔
المواصی میں فائرنگ سے ایک فلسطینی زخمی ہوا جو اسپتال میں جاکر جام شہادت نوش کرگیا۔ اسرائیلی جنگی طیاروں نے رفح میں عمارتوں پر فضائی حملے کئے اور بم برسائے۔
جبالیہ اور غزہ سٹی میں گولہ باری سے کئی افراد زخمی ہوئے۔ ہیلی کاپٹر اور ڈرونز نے غزہ سٹی، المواصی، بریج پناہ گزین کیمپ اور رفح میں فائرنگ کی۔ اسرائیلی حملے کے بعض زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے۔
ادھر طبی ذرائع نے اس بات کی تصدیق کی کہ خان یونس کے مشرق میں واقع التحلیہ کے قریب قابض اسرائیلی فورسز کی گولیوں کا نشانہ بننے والا 17 سالہ نوجوان حسین ابو سبلہ بھی شہید ہو گیا۔


































