
جنیوا :ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن (ڈبلیو ایچ او) کے سربراہ ٹیڈروس اذانوم نے خبردار کیا ہےکہ غزہ ایک خوفناک اور سنگین مقام پر پہنچ گیا ہے۔ غزہ میں خوراک اور طبی سامان ختم ہو رہا ہے۔
سوشل میڈیا پر جاری بیان میں ڈاکٹر ٹیڈروس نے کہا کہ امدادی گزرگاہوں پر دس لاکھ لوگوں کو کھانا کھلانے کے لیے کافی سامان دستیاب ہونے کے باوجود غزہ میں خوراک کا ذخیرہ ختم ہو چکا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ صورتحال طبی سامان کے لیے بھی اتنی ہی نازک ہے۔ ڈبلیو ایچ او کے 16 ٹرک رسائی کے منتظر ہیں لیکن ضرورت مندوں تک پہنچنے سے قاصر ہیں۔ یہ امدادی ناکہ بندی ختم ہونی چاہیے۔
اس سے پہلے ورلڈ فوڈ پروگرام نے کہا تھا کہ اس کے پاس کھانے پینے کی تمام اشیا ختم ہوگئی ہیں۔ خوراک کی آخری بچی کھچی کھیپ بھی جمعہ کو فلسطینیوں میں تقسیم کردی گئی۔ اب اس کے بعد کسی گودام یا اسٹور میں کوئی کھانے کی چیز باقی نہیں رہی ہے۔


































