
جنیوا :اقوام متحدہ کے انڈر سیکریٹری جنرل برائے انسانی امور و ایمرجنسی ریلیف مارٹن گرفتھس نے غزہ کو قحط زدہ علاقہ قرار دے دیا۔ قطری ٹی وی الجزیرہ کو انٹرویو میں مارٹن گرفتھس نے کہا کہ چھ مئی سے غزہ میں امدادی سرگرمی پر اقوام متحدہ کنٹرول کھو چکی ہے۔ اس وقت اگر عملاً دیکھا جائے تو لاکھوں انسانوں کے لیے کوئی نظام موجود نہیں ہے جو انتہائی افسوسناک پہلو ہے۔ مارٹن گرفتھس نے کہا کہ اسرائیل کی ذمہ داری ہے کہ اپنے زیر کنٹرول علاقوں میں رہنے والوں کو صحت و خوراک فراہم کرے کئی ماہ سے فلسطینی انتہائی بدترین زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔ جو کچھ غزہ میں دیکھا گیا ہے وہ انتہائی غیر انسانی ہے۔ جہاں بچے اور خواتین محض انسانی پیدا کردہ قحط کی وجہ سے مررہے ہیں اور امدادی سامان ٹرکوں میں سڑ رہا ہے۔ اس سے زیادہ بدترین صورتحال کم از کم انہوں نے اپنی زندگی میں نہیں دیکھی تھی.


































