
پیرس : فرانس میں یوم مزدور پر مظاہروں نے سڑکوں کو میدان جنگ میں تبدیل کردیا۔ فرانس کے دارالحکومت پیرس۔ لیون اور دیگر شہروں میں لیبر ڈے پر لاکھوں مظاہرین سڑکوں پر نکل آئے۔اور متنازع پینشن اصلاحات کی منظوری کیخلاف شدید احتجاج کیا۔ پیرس میں مظاہرین نے گاڑیوں اور کچرے دانوں کو آگ لگادی۔ بس اسٹاپوں کو توڑ دیا۔ پولیس اور مظاہرین میں جھڑپیں ہوئیں۔ پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے شیلنگ کی۔ لیون شہر میں بھی ریلیوں نے پرتشدد رخ اختیار کرلیا۔ کئی گاڑیوں کو جلادیا گیا۔ مغربی فرانس کے علاقے نانٹیس میں مظاہرین نے مقامی انتظامیہ کی عمارت کے سامنے آگ لگادی۔ پولیس نے مظاہرین پر آنسو گیس کی شیلنگ بھی کی۔ مظاہروں میں سو سے زائد پولیس اہلکاروں سمیت درجنوں افراد زخمی ہوگئے جبکہ 300 سے زائد کو حراست میں لے لیا گیا۔ اٹلی اور نیدر لینڈ میں بھی ہزاروں افراد نے احتجاج کیا اور ریلیاں نکالیں۔


































