
پیرس : فرانس میں متنازع پنشن اصلاحات کے خلاف پیرس دوبارہ میدان جنگ بن گیا۔ فرانس کے دارلحکومت پیرس اور دوسرے شہروں میں مظاہرین ایک بار پھر سڑکوں پر نکل آئے اور پنشن کی عمر باسٹھ سے بڑھا کر 64سال کرنے کیخلاف احتجاج کیا۔ ٹریڈ یونین رہنماؤں اور وزیر اعظم الزبتھ بورن کے درمیان بات چیت گذشتہ روز بغیر کسی پیش رفت کے ختم ہو گئی تھی۔ مظاہرین نے سڑکوں پر مارچ کیا اور پنشن اصلاحات واپس لینے کا مطالبہ کیا۔ پیرس میں مظاہرین اور سیکیورٹی فورسز کے درمیان جھڑپیں ہوئیں اس دوران مشتعل مظاہرین نے معروف کیفے سمیت متعدد عمارتوں کو آگ لگا دی۔ مظاہروں سے ٹرانسپورٹ ۔ اسکولوں اور کاروباری معاملات میں زبردست خلل پڑا۔ ٹریڈ یونینوں نے اپنی مزاحمت جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا اور رواں ہفتے ایک اور احتجاج کی کال دی ہے۔


































