
اسلام آباد : ترجمان دفترخارجہ نے کہا ہے کہ جس وفد کے دورے پر بحث کی جاری ہے اس کا اہتمام ایک غیر ملکی این جی او نے کیا تھا جس کا پاکستان میں کوئی دفتر نہیں ،مسئلہ فلسطین پر پاکستان کا موقف واضح اور غیر مبہم ہے اور اس حوالے سے ہماری پالیسی میں کوئی تبدیلی نہیں آئی، پاکستان فلسطینی عوام کے حق خودارادیت کی مستقل حمایت کرتا ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ اقوام متحدہ اور او آئی سی کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق 1967سے پہلے کی سرحدوں کیساتھ ایک آزاد فلسطینی ریاست کا قیام جس کا دارالحکومت القدس الشریف ہو، خطے میں منصفانہ اور دیرپا امن کے لیے ناگزیر ہے۔


































