
نیویارک: امریکا کی تاریخ میں پہلی بار کسی سابق صدر کو مجرم قراردے دیا گیا۔ نیویارک کی جیوری نے ڈونلڈ ٹرمپ کیخلاف کاروباری ریکارڈ میں جعلسازی اور فحش فلموں کی اداکارہ کو رقم کی ادائیگی سمیت چونتیس الزامات کو درست قرار دے دیا۔ بارہ رکنی جیوری نے متفقہ طور پر فیصلہ سنایا۔ گیارہ جولائی کو سزا کا باضابطہ اعلان ہوگا۔ عدالت نے چھ ہفتوں کے دوران بائیس گواہوں سے جرح کی، جن میں سٹورمی ڈینیئل بھی شامل ہیں.
ڈونلڈ ٹرمپ نے عدالتی فیصلے کو دھاندلی زدہ اور شرمناک قراردیا اور کہا کہ اصل فیصلہ پانچ نومبر کو انتخابات والے دن ووٹرز سنائیں گے.
ٹرمپ کو ہر الزام میں چار سال قید کی سزا ہوسکتی ہے۔ وکیل کا کہنا ہے کہ فیصلے کے خلاف اپیل دائر کریں گے۔ سزا اور جیل جانے کے باوجود ٹرمپ نومبر کے صدارتی انتخابات میں حصہ لینے کے اہل ہیں۔


































