
خرطوم: سوڈان کے دارالحکومت خرطوم میں فوج اور پیرا ملٹری فورس کے درمیان شدید لڑائی چھڑگئی۔ خرطوم میں دونوں فریقوں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے اور شدید گولہ باری سے علاقہ گونج اُٹھا، اسپورٹس سٹی کے قرب و جوار میں ریپڈ سپورٹ ہیڈ کوارٹرز کے قریب شدید گولہ باری کی گئی ۔ جھڑپوں کا سلسلہ شمال اور وسطی علاقوں تک پھیل گیا۔ صدارتی محل اور ہوائی اڈے کے ارد گرد غیر معمولی تعداد میں سیکیورٹی اہلکاروں کو تعینات کردیا گیا ہے۔ شہر کی گلیوں میں بکتربند گاڑیاں اور ٹینک گشت کرنے لگے۔ گزشتہ بدھ سے دونوں فوجی دستوں کے درمیان اختلافات اس وقت شروع ہوئے جب ریپڈ سپورٹ فورسز نے 100 فوجی گاڑیوں کو ایئر بیس کے قریب پیچھے دھکیل دیا جس سے فوج مشتعل ہوگئی۔ فوج نے اس اقدام کو غیر قانونی قرار دیا۔ تصادم سے سوڈان کو سویلین حکمرانی میں واپس لانے کی طویل عرصے سے جاری کوششوں کو نقصان پہنچے گا۔


































