
خرطوم : سوڈان کے دارالحکومت خرطوم میں فوج اور سریع الحرکت فورسز کے درمیان مسلح جھڑپوں میں درجنوں افراد ہلاک وزخمی ہوگئے۔ سوڈان میں پیراملٹری ریپڈ سپورٹ فورس کی فوج کیخلاف بغاوت کے بعد لڑائی میں شدت آگئی ہے۔ خرطوم کی سڑکوں پر مسلح جھڑپیں جاری ہیں۔ جس میں ہلکے اور بھاری ہتھیاروں کااستعمال کیا جارہا ہے۔ دونوں فریقوں نے خرطوم ایئرپورٹ اور صدارتی محل پر کنٹرول حاصل کرنے کا دعویٰ کردیا ہے۔ لڑائی میں متعدد افراد ہلاک اور زخمی ہوئے ہیں جنہیں اسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔ سوڈانی فضائیہ نے بھی آر ایس ایف کے خلاف آپریشن شروع کر دیا ہے۔ جھڑپوں کے دوران سعودی ایئرلائن کا طیارہ بھی فائرنگ کی زد میں آگیا۔ آر ایس ایف نے فوج پر حملوں کی ابتدا کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ شمالی شہر میرو اور مغربی شہر الابض کے ایئرپورٹ پر بھی قبضہ کر لیا ہے۔ ام درمان شہر میں توپیں اور بکتر بند گاڑیاں تعینات کردی گئی ہیں۔ ادھر سعودی عرب، متحدہ عرب امارات۔ ترکیہ ۔ایران۔ امریکا اور برطانیہ سمیت مختلف ممالک نے متحارب گروپوں سے جنگ بندی اور مذاکرات کی اپیل کی ہے۔


































