
روم: اٹلی اور جرمنی میں دھماکوں سے ایک شخص ہلاک اور 13 افراد زخمی ہوگئے۔ ایک مشتبہ شخص کو گرفتار کرلیا گیا۔ جرمنی کے شہر راٹنگن کی رہائشی عمارت میں دھماکے سے دو پولیس افسران اور 10 فائر فائٹرز زخمی ہوگئے۔ پولیس اہلکار اور فائرفائٹرز کو وہاں ایک بے گھر شخص کی مدد کیلئے بلایا گیا تھا۔ جیسے ہی اہلکار عمارت پہنچے دروازے پر دھماکا ہوا۔ دھماکے کی وجوہات کا تعین نہیں ہوسکا۔ پولیس نے ایک مشتبہ شخص کو حراست میں لے لیا۔ فلیٹ سے ایک شخص کی لاش بھی ملی ہے۔ ادھر اٹلی کے شہر میلان میں دھماکے سے متعدد گاڑیوں نے آگ پکڑ لی جبکہ گاڑی کا ڈرائیور زخمی ہوگیا۔ اطالوی میڈیا کا کہنا ہے کہ دھماکا اس وین میں ہوا جس سے آکسیجن سلینڈرز کی ترسیل کی جا رہی تھی۔ دھماکے کی جگہ کے قریب واقع ایک اسکول اور رہائشی عمارت کو خالی کروا لیا گیا تھا۔


































