
جدہ : او آئی سی کے اسلامی تعاون تنظیم کے مستقل آزاد انسانی حقوق کمیشن نے فلسطینی قیدیوں کے لیے سزائے موت کے اسرائیلی قانون کو بین الاقوامی قانون اور انسانی حقوق کی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔ انسانی حقوق کمیشن نے کہا کہ اسرائیل کا یہ اقدام جنیوا کنونشن اور سول و سیاسی حقوق کے بین الاقوامی معاہدے کی بھی کھلی خلاف ورزی ہے۔ کمیشن نے اس قانون کی امتیازی نوعیت پر زور دیا اور کہا کہ یہ انصاف اور قانونی تحفظات کی کمی کے سنگین خدشات پیدا کرتا ہے۔ کمیشن نے فلسطینی قیدیوں کے ساتھ مبینہ بدسلوکی، تشدد اور بنیادی حقوق کی فراہمی میں رکاوٹ پر شدید تشویش ظاہر کی اور فوری، آزاد اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کا مطالبہ کیا۔ کمیشن نے بین الاقوامی برادری، اقوامِ متحدہ کے متعلقہ ادارے، عالمی انسانی حقوق کے ادارے اور پارلیمانی تنظیموں پر زور دیا کہ وہ اسرائیل پر دباؤ ڈالیں تاکہ یہ قانون منسوخ کیا جائے اور فلسطینی قیدیوں کے حقوق محفوظ ہوں۔


































