
واشنگٹن : امریکا بیس سال اور نوے ارب ڈالر خرچ کرکے بھی افغان نیشنل ڈیفنس اور سیکیورٹی فورسز کو ملک کے دفاع کے قابل نہیں بناسکا۔ امریکا کے خصوصی انسپکٹر جنرل برائے افغان تعمیر نو نے افغان جنگ میں نقصانات اور نتائج سے متعلق 113 صفحات پر مشتمل رپورٹ جاری کردی۔ رپورٹ کے مطابق دو امریکی صدور کے فوجی انخلاء کے فیصلے نے حکومتی ایجنسیوں کے بعد کے ہر فیصلے کو بنیادی طور پر تبدیل کر دیا۔ رپورٹ کے مطابق اچانک انخلا اور امریکی مدد کو ڈرامائی طور پر کم کرنے کے فیصلے سے امریکی فوج پر انحصار کرنیوالی افغان فورسز اور پولیس کے حوصلے ٹوٹ گئے۔ رپورٹ کے مطابق افغان فورسز کو جسے خود مختار اور اندرونی اور بیرونی خطرات سے دفاع کے قابل سمجھا جاتا تھا اگست 2021 میں اس وقت منہدم ہوگئی جب امریکہ نے ملک سے انخلاء کا فیصلہ کیا۔


































