
برسلز: یورپی یونین کے وزراء نے شام پر پابندیوں میں نرمی کے لیے روڈ میپ پر اتفاق کرلیا ہے۔ یورپی یونین کی خارجہ پالیسی کے ترجمان انور العنونی نے العربیہ کے ساتھ انٹرویو میں کہا کہ شام میں کن شعبوں سے پابندیاں ہٹائی جائیں گی اس کے بارے میں بات کرنا قبل از وقت ہے۔ انہوں نے کہا کہ یورپی بلاک میں وزراء کی سطح پر سیاسی اتفاق رائے موجود ہے۔ غور کیا جائے گا کہ شام کی نئی انتظامیہ کے اقدامات کے مطابق کن سیکٹرز پر پابندیاں ہٹائی جائیں گی۔ انہوں نے کہاکہ یورپی یونین کے پاس شام کی صورتحال کا فیصلہ کرنے کیلئے جادوئی گیند نہیں ہے کہ اس گیند سے ظاہر ہوجائے کہ ملک میں معاملات درست سمت میں آگے بڑھ رہے ہیں تو پابندیاں ہٹائی جا سکتی ہیں۔ اُنہوں نے نئی حکومت میں شام کے تمام اجزاء کو شامل کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔


































