
کراچی : پاکستان، ہندوستان اور ایران سمیت دنیا کے کئی ممالک میں آج عید الفطر منائی جارہی ہے۔ پاکستان کے چھوٹے بڑے شہروں میں عید کے بڑے بڑے اجتماعات ہوئے۔ جس میں ملک میں استحکام اور دنیا میں امن کیلئے خصوصی دعائیں کی گئیں۔ نماز کے بعد لوگوں نے گلے مل کر ایک دوسرے کو عید کی مبارکباد دی۔ جبکہ مٹھائیاں بھی تقسیم کی گئیں۔ ہندوستان میں دہلی کی شاہی مسجد میں نماز عید کا سب سے بڑا اجتماع ہوا۔ بنگلہ دیش۔ سری لنکا ۔ ملائیشیا، سنگاپور، آسٹریلیا ۔ برونائی، جاپان، فلپائن اور تھائی لینڈ سمیت دوسرے کئی ممالک میں مسلمان عید کی خوشیاں منارہے ہیں۔ گذشتہ روز سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات سمیت تمام خلیجی ممالک میں عید الفطر منائی گئی۔ سعودی عرب میں عید کا سب سے بڑا اجتماع مسجد الحرام میں ہواجس میں لاکھوں فرزندان اسلام نے حصہ لیا۔ متحدہ عرب امارات۔ بحران۔ قطر۔ کویت میں بھی عید کے اجتماعات ہوئے، جس میں امت مسلمہ کی ترقی اور خوشحالی کی دعا مانگی گئی۔ فلسطین میں ہزاروں افراد نے مسجد الاقصیٰ میں نماز عید ادا کی۔ برطانیہ، فرانس، امریکہ اور کینیڈا میں بھی مسلمانوں نے عید منائی۔


































