
شرم الشیخ : مصر کے شہر شرم الشیخ میں ایران کیخلاف اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا. مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی نے ابوظہبی کے ولی عہد شیخ محمد بن زاید اور اسرائیل کے وزیراعظم نفتالی بینیٹ کی میزبانی کی۔ اجلاس میں صیہونی وزیراعظم نفتالی بینیٹ، مصری صدر عبدالفتاح السیسی اور متحدہ عرب امارات کے ولیعہد محمد بن زائد نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران عبدالفتاح السیسی اور نفتالی بینیٹ کی گفتگو میں ریاض-تل ابیب تعلقات پر زور دیا گیا اور مصر کی جانب سے اسرائیل کو درخواست پیش کی گئی کہ وہ عالمی مالیاتی فنڈ (IMF) کے حوالے سے مصر کی حمایت جاری رکھے۔ صیہونی ای مجلے واللا نے غاصب صیہونی رژیم کے ایک اعلیٰ عہدیدار سے نقل کرتے ہوئے لکھا ہے کہ بینیٹ، السیسی اور بن زائد کے درمیان ایک سہ فریقی اجلاس منعقد ہوا جس کا موضوع ایران اور جوہری معاہدہ بحال ہو جانے کی صورت میں باہمی ہم آہنگی تھا۔ صیہونی ای مجلے "آئی24” نے لکھا کہ بینیٹ اور السیسی کے درمیان ہونے والی اس ملاقات کا مقصد خطے کے اور دوطرفہ مسائل کا حل تھا جبکہ خود نفتالی بینیٹ کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ اس اجلاس میں ہم نے اسرائیل-مصر معاہدے کو مزید گرم کرنے کی جانب ایک اور قدم اٹھایا ہے۔ اس حوالے سے الجزیرہ کا کہنا ہے کہ گذشتہ چند ماہ کے دوران غاصب صیہونی وزیراعظم کا قاہرہ کا یہ دوسرا دورہ ہے جبکہ اس سہ جانبہ ملاقات میں قاہرہ-تل ابیب معاہدے پر دستخط اور تل ابیب سے شرم الشیخ براہ راست پرواز شروع کئے جانے کے حوالے سے بھی گفتگو کی گئی۔


































