
انقرہ : مصر اور ترکیہ نے سفارتی تعلقات کی فوری بحالی اور سفیروں کی تعیناتی پر اتفاق کرلیا۔ مصر کے صدر عبدالفتح السیسی نے ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان کو ٹیلی فون کیا اور الیکشن میں کامیابی پر مبارکباد دی۔ دونوں صدور نے بات چیت کے دوران سفارتی تعلقات کی فوری بحالی اور سفیروں کی تعیناتی پر اتفاق کیا۔ مصر کے وزیر خارجہ سمیع شوکری نے اپریل میں ترکیہ کا دورہ کرکے اپنے ترک ہم منصب میولوت چاؤش اوغلو سے ملاقات کی تھی۔ دونوں فریقین نے سفارتی تعلقات میں اضافے اور دونوں ممالک کے صدور کے درمیان ملاقات کی تیاری کیلئے ایک ٹائم فریم مقرر کرنے پر اتفاق کیا تھا۔ ترک وزیر خارجہ نے کہا تھا کہ 14 مئی کے صدارتی انتخابات کے بعد سربراہانِ مملکت کی ملاقات ہوسکتی ہے۔ مصر میں 2013 میں اسلام پسند صدر محمد مرسی کی معزولی کے بعد دونوں ممالک کے تعلقات کشیدہ ہوگئے تھے۔


































