
قاہرہ : غزہ میں جنگ بندی معاہدے کا دوسرا مرحلہ شروع کرنے کیلئے ثالث ممالک نے کوششیں تیزکردی ہیں۔ اسرائیلی وفد نے قاہرہ میں ثالث ممالک کے اعلیٰ حکام سے ملاقات کی۔ ملاقات میں غزہ میں آخری اسرائیلی مغوی کی باقیات کی واپسی کے لیے کوششوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اسرائیلی چینل 13 کی رپورٹ کے مطابق امریکی ایلچی اسٹیو وٹکوف نے ثالث ممالک قطر، مصر اور ترکیہ کو بتایا کہ غزہ معاہدے کا دوسرا مرحلہ جنوری میں شروع ہوگا۔ یہ ثالثوں کےذریعے حماس تک منتقل کر دیا گیا ہے۔
ادھر خلیل الحیہ کی زیر قیادت حماس کے ایک وفد نے ترک وزیر خارجہ ہاکان فیدان سے انقرہ میں ملاقات کی ہے۔ ملاقات میں غزہ جنگ بندی معاہدے کے دوسرے مرحلے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ حماس کے حکام نے فیدان کو بتایا کہ انہوں نے جنگ بندی معاہدے کے تحت اپنی ذمہ داریاں پوری کر دی ہیں، لیکن اسرائیل کا غزہ کو مسلسل نشانہ بنانا معاہدے کو اگلے مرحلے تک جانے سے روکنے کے لیے ہے۔


































