
کولمبو : سری لنکا میں معاشی بحران کے باعث رواں سال وہاں کے مسلمان حج کی سعادت حاصل کرنے سے محروم رہیں گے۔ نیشنل حج کمیٹی نے ٹور آپریٹرز ایسوسی ایشن اور مسلم مذہبی اور ثقافتی امور کے محکمے سمیت کئی دیگر جماعتوں سے بات چیت کی جس کے بعد فیصلہ کیا گیا ہے کہ سری لنکا کے موجودہ معاشی حالات ٹھیک نہیں اس لیے کوئی بھی مسلمان حج نہیں کر سکے گا۔حج ٹور آپریٹرز ایسوسی ایشن کے صدر سعید ایم رسمی نے اپنے بیان میں کہا کہ اس سال کے حج کو ترک کرنے کا فیصلہ مسلم کمیونٹی کے ارکان کی طرف سے ملک کی خاطر کیا گیا ہے تاکہ مشکل وقت میں قوم سے یکجہتی کا مظاہرہ کیا جاسکے۔انہوں نے کہا کہ ملک کو اس وقت ڈالر کے سنگین بحران کا سامنا ہے جس پر قابو پانے کے لیے زیادہ سے زیادہ غیر ملکی کرنسی کی ضرورت ہے۔ ہماری کوشش ہے مسلمان اس کٹھن وقت میں حکومت کا ساتھ دیں۔


































