
تہران: ایران کے صدارتی دفتر نے کہا ہے کہ انصاف، وقار اور دانش مندی کی بنیاد پر مذاکرات کا دروازہ اب بھی کھلا ہے۔ ایرانی صدر کے دفتر نے ملکی قیادت میں اختلافات کی خبریں مسترد کردیں اور کہا کہ ایرانی قیادت کے اندر مثالی اتحاد ہے۔
ترجمان ایران صدارتی دفتر مہدی طباطبائی نے امریکی صدر کا نام لیے بغیر کہا کہ دشمن سیاسی پروپیگنڈا کر رہا ہے، جھوٹ گھڑنے کے بجائے، انہیں اپنی وعدہ خلافی، دھونس اور فریب کاری بند کرنی چاہئے، انصاف، وقار اور دانشمندی کی بنیاد پر مذاکرات کا دروازہ اب بھی کھلا ہے۔
علاوہ ازیں ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ وعدہ خلافی، ناکہ بندی اور دھمکیاں حقیقی مذاکرات میں راہ میں رکاوٹ ہیں۔ ایک بیان میں مسعود پزشکیان نے کہا کہ ایران نے مذاکرات اور معاہدے کا خیر مقدم کیا اور کرتا رہے گا، دنیا کو آپ کی منافقانہ بیان بازی، دعوؤں اور عمل میں تضاد نظر آ رہا ہے۔


































