
دوحہ : افغان حکومت اور طالبان کے درمیان دوحہ میں تین دن تک جاری رہنے والے مذاکرات کسی واضح پیش رفت کے بغیر ختم ہوگئے تاہم فریقین نے تنازع کے حل تک پہنچنے کیلئے مذاکرات جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے، مذاکرات میں عید کے موقع پر افغان حکومت اور طالبان کے درمیان جنگ بندی کا اعلان نہ کیا جاسکا، مذاکرات کا نیا دور رواں ہفتے ہوگا، طالبان امیر ملا ہیبت اللہ اخونزادہ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ سیاسی تصفیے کے حامی ہیں اور بات چیت پر یقین رکھتے ہیں لیکن دوسرا فریق وقت ضائع کر رہا ہے۔سفارت کاروں، این جی اوز کوہم سے کوئی خطرہ نہیں، ہم وطنوں کو ہمارا پیغام یہی ہے کہ غیر ملکیوں پر انحصار کرنے کے بجائے مسائل خود حل کریں اور ملک کو موجودہ صورتحال سے نکالیں۔


































