
واشنگٹن : امریکا نے بھارت میں مذہبی اقلیتوں پر مظالم کو تسلیم کرنے کے باوجود اسے فوری طور پر ریڈ لسٹ میں شامل کرنے سے انکار کردیا۔ امریکی سفیر برائے مذہبی آزادی نے مذہبی آزادی سے متعلق پریس بریفنگ میں کہا کہ بھارت میں مذہبی اقلیتوں کو تشدد کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے بھارت میں مذہبی آزادی کی خلاف ورزیوں پر بات کی ہے، کچھ بھارتی حکام عبادت گاہوں پر حملوں کی حمایت کر رہے ہیں، آج ہم نے موجودہ صورت حال پر جامع رپورٹ جاری کی ہے۔ بھارت کو ریڈ لسٹ میں شامل کرنے کی وجوہ موجود ہیں، ریڈ لسٹ میں شامل کرنے یا نہ کرنے کا فیصلہ آئندہ 6 ماہ میں کیا جائے گا۔ انھوں نے مزید کہا کہ اقوام متحدہ میں توہین مذہب بل پر ہمارے تحفظات ہیں۔ رشاد حسین نے کہا کئی ممالک میں مسلمانوں کے خلاف نفرت میں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے، بھارت میں مذہبی اقلیتوں کے لیے برداشت کم ہوتی نظر آ رہی ہے، حکومتوں کو مذہبی آزادی کو یقینی بنانے کے لیے ٹھوس اقدامات کرنا ہوں گے۔ انٹونی بلنکن نے پریس کانفرنس میں کہا کہ بھارت میں مذہبی آزادی کے حالات پر تشویش میں اضافہ ہو رہا ہے، بھارت میں اقلیتوں کی عبادت گاہوں پر حملے بڑھ گئے ہیں۔


































