
کراچی: عمران خان سے یکجہتی کے اظہار کے لئے کراچی، اسلام آباد، لاہور، پشاور سمیت مختلف شہروں میں ریلیاں، خواتین اور بچوں سمیت عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی جبکہ سابق وزیراعظم نے عوام کا شکریہ ادا کر دیا۔
کراچی میں گلستان جوہر میلینیم مال کے قریب احتجاج میں لاکھوں کی تعداد میں عوام کی شرکت۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں شہریوں کی بڑی تعداد نے عمران خان کے حق میں ریلی نکالی، خواتین اور بچوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی، زیرو پوائنٹ سے ریلی ایف نائن پارک پہنچی۔
لاہور میں تحریک انصاف کے کارکنوں نے لبرٹی چوک میں مظاہرہ کیا، جیل روڈ پر ریلی نکالی گئی، عمران خان کے حق میں نعرے لگائے گئے۔
پشاور میں عوام کی بڑی تعداد سڑکوں پر نکل آئی، احتجاج میں خواتین ایم پی ایز بھی شریک ہوئیں۔
فیصل آباد میں عوام گھنٹہ گھر چوک جمع ہوئے، ملتان میں چونگی نمبر 9 پر مظاہرہ کیا گیا، عمران خان کے حق میں نعرے بازی کی گئی۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام جاری کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ امریکی حمایت سے رجیم چینج کے خلاف نکلنے پر عوام کا شکریہ، ملک بھر میں پاکستانی سڑکوں پر امڈ آئے، پاکستانی عوام، اوورسیز پاکستانیوں نے حکومت تبدیلی کو مسترد کر دیا۔
انہوں نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا کہ عوام نے امریکی حمایت سے حکومت کی تبدیلی کے خلاف جذبات دکھائے، پاکستانی ملک میں ہوں یا اوورسیز سب نے یہ گٹھ جوڑ مسترد کر دیا، مقامی میر جعفروں نے امریکا کی ملی بھگت سے حکومت تبدیل کی، مقامی میر جعفر وہ ٹھگ ہیں جو ضمانتوں پر رہا ہیں۔


































