
اسلام آباد: بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کے مطالبے پر حکومت نے بجلی مہنگی کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ وزارتِ خزانہ کے ذرائع کے مطابق پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان توانائی کے شعبے میں اصلاحات کے لیے مذاکرات ہوئے جن کے دوران آئی ایم ایف نے بجلی اور گیس سیکٹر میں 4100 ارب روپے کا گردشی قرضہ ختم کرنے کا مطالبہ کر دیا۔ ذرائع وزارتِ خزانہ کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف کے مطالبے کے مطابق بجلی کی قیمت میں مارچ تک 3 روپے فی یونٹ اضافہ کیا جائے گا، مئی تک بجلی کی قیمت میں مزید 70 پیسے فی یونٹ بڑھائی جائے گی۔ وزارتِ خزانہ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ اگست تک مجموعی طور پر بجلی کی قیمت میں 6 روپے فی یونٹ کا اضافہ ہو گا۔ ذرائع وزارتِ خزانہ نے بتایا ہے کہ رواں مالی سال گردشی قرض میں 952 ارب روپے کمی کی جائے گی، جبکہ 675 ارب روپے کی سبسڈی ختم کی جائے گی۔


































