
مغرب اس ناکامی کو چھپانے کی کوشش کر رہاہے لیکن اس ناکامی کا جائزہ لینا ا اور اسے بیان کرنا ضروری ہے کیونکہ قوموں کی سرنوشت اسی آگاہی سے وابستہ ہے
مغرب کے سماجی فلسفے کی روح اور اساس مادیت اور پیسے پر استوار ہے اور اسی لئے بزرگوں کو اولڈ ایج ہاوسز میں مرنے کو چھوڑ دیا گیا،انسداد کورونا قومی کمیٹی سے خطاب
تہران (نیوز ڈیسک) ولی امر مسلمین آیت اللہ سید علی خامنہ ای نے کہا ہے کہ یورپ کورونا سے مقابلے میں انتظامی سماجی اور اخلاقی تینوں میدانوں میں ناکام ہو گیا، مغرب اور مغرب زدہ افراد اس ناکامی کو چھپانے کی کوشش کر رہے ہیں لیکن اس ناکامی کا جائزہ لینا اور اسے بیان کرنا ضروری ہے کیونکہ قوموں کی سرنوشت اسی آگاہی سے وابستہ ہے، انسداد کورونا قومی کمیٹی کے اجلاس سے بذریعہ ویڈیو کانفرنس خطاب میں ولی امر مسلمین نے کہا کہ دیگر ملکوں کے مقابلے میں امریکا اور یورپ میں کورونا بہت دیر سے پہنچا ، ان ملکوں کے پاس مقابلے کی تیاری کے لیے کافی وقت تھا لیکن جیسی تیاری کرنا چاہیے تھی انہوں نے نہیں کی۔ امریکا اور بعض یورپی ملکوں میں کورونا کے مریضوں اور اموات کی تعداد، بے روزگاری اور دوسرے مسائل انتظامی کمزوری کا ثبوت ہیں،انہوں نے کہاکہ مغرب کے سماجی فلسفے کی روح اور اساس مادیت اور پیسے پر استوار ہے اور اسی لئے بزرگوں کو اولڈ ایج ہاوسز میں مرنے کو چھوڑ دیا گیا، انہوں نے سپر مارکیٹوں اور دکانوں پر ہجوم کو مغرب کی اخلاقی میدان میں ناکامی سے تعبیر کیا۔ علاوہ ازیں ہفتہ محنت کشاں کے موقع پر ویڈیو لنک کے ذریعے صنعتی کارکنوں سے خطاب میں سید علی خامنہ ای نے سرمائے کی منصفانہ تقسیم کو ملکی معیشت کا اہم ترین مقصد قرار دیا اور کہاکہ معیشت کو پائیدار بنانے اور قومی دولت کے حصول میں محنت کش ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں۔


































