
کراچی : امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کراچی ڈویژن کے زیر اہتمام دوران جلوس نماز باجماعت ادا کی گئی بندو خان ہوٹل، نزد امام بارگاہ علی رضا(ع) ایم اے جناح روڈ پر شرکائے جلوس نے حجتہ السلام والمسلین علامہ احمد اقبال رضوی کی اقتداء میں نماز ظہرین ادا کی۔ نماز ظہرین کے بعد شرکاء سے خطاب میں طارق بنگش کا کہنا تھا کہ یکساں قومی نصاب میں ملت جعفریہ کے تحفظات کو یکسر نظر انداز کر کے درسی کتابوں کی چھپائی شروع کر دی گئی ہے اور پرائمری کلاسز میں تدریسی عمل بھی شروع کردیا گیا ہے۔ ہم واضح کرتے ہیں کہ متنازعہ نصاب تعلیم کسی صورت قبول نہیں کریں گے۔انہوں نے کہا کہ شیعہ نوجوانوں کی غیر قانونی گرفتاریاں شرمناک فعل ہے، اب تک پورے پاکستان سے سینکڑوں نوجوان لاپتہ ہیں ،یہ کیسا اندھا قانون ہے کہ ظلم بھی ہم پر ہو، ہمارے ،مقدسات کو نشانہ بنایا جائے اور گرفتاریاں اور پابند سلاسل بھی ہمیں کیا جائے اب تو نوبت یہاں تک پہنچ چکی ہے کہ اس ظلم کے خلاف آواز کو دبانے کے لئے ریاستی ادارے طاقت کا بھی استعمال کر رہے ہیں۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ فلفور بے گناہ جوانوں کی گرفتاریوں کو ظاہر کر کے انہیں عدالت میں پیش کیا جائے،وگرنہ ہم اس کے خلاف احتجاج کو سڑکوں پر لانے کا حق رکھتے ہیں۔ انہوں نے افغانستان کے شیعہ مسلمانوں پرحملوں کی بھرہور مذمت کی اور مطالبہ کیاکہ ہیں،اگر حکومت ملوث نہیں ہے تو شہریوں کے جان و مال، عزت و ناموس کی حفاظت حکومت کی ذمہ داری پوری کرے۔ انہوں نے صیہونی افواج کی جانب مسجد الاقصیٰ کی بےحرمتی اور نمازیوں پر حملوں کی مذمت اور یمن ،بحرین ، فلسطین، کشمیر میں جاری عوامی تحریکوں کی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ جمعتہ الوداع یوم القدس مظلوم عوام کی ظالم کے خلاف اور خالص اسلام محمدیﷺ اور امریکی اسلام میں فرق کو ظاہر کرنے کا دن ہے۔ یوم القدس نے حق و باطل کے فرق کو واضح کردیا ہے، لہذٰا ہر سال کی طرح جمعتہ الوداع کو نمائش سے تبت سینٹر تک نکالی جانے والی مرکزی ریلی میں شریک ہوکر یہ ثابت کردیں کہ ہم ہمیشہ ظلم کے خلاف اپنی صدائے احتجاج بلند کرتے رہیں گے۔ اس موقع پر جلوس کے دوران امامیہ اسکاوٹس کے نوجوانوں نے سیکیورٹی کے فرائض انجام دیئے۔بعد ازاں شرکا نے امریکا اور اسرائیل کے پرچموں کو جلایا.


































