
نئی دہلی : بھارت میں کسانوں نے حکومت مخالف احتجاجی تحریک ۔دہلی چلو۔ پھر شروع کردی۔ پنجاب ہریانہ شمبھوں بارڈر پر آٹھ ماہ سے دھرنے پر بیٹھے کسانوں کا ایک سو ایک رکنی پہلا گروپ پیدل دہلی روانہ ہوگیا ہے۔ یہ گروپ ہریانہ کے مختلف مقامات پر قیام کرے گا۔ کسان رہنما سرون سنگھ پنڈھیر نے کہاہےکہ ٹریکٹروں کو موڈیفائیڈ کہہ کر ہم پر الزام لگایا گیا، اسی لیے ہم نے اب پیدل دہلی جانے کا فیصلہ کیا ہے۔ پہلا جتھا روزانہ صبح 9 بجے سے شام 5 بجے تک سفر کرے گا اور رات سڑک پر گزارے گا۔ احتجاج کے پیش نظر ہریانہ اور دہلی پولیس نے سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے ہیں۔ شمبھو بارڈر پر دفعہ 144 نافذ کر دی ہے اور نیم فوجی دستے تعینات کیے گئے ہیں۔ سماج وادی پارٹی نے مرکز پر زور دیا ہے کہ وہ احتجاج کرنے والے کسانوں سے بات چیت کرے اور ان کے مطالبات تسلیم کرے.


































