
بیجنگ : چینی صدر شی جن پنگ نے روسی صدر ولادیمیر پیوٹن اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے بیک ٹو بیک ٹیلیفونک گفتگو کی۔ دوطرفہ بات چیت میں چینی صدر نے باہمی احترام کے ساتھ دوطرفہ مسائل حل کرنے پر زور دیا۔ چین کے سرکاری میڈیا کے مطابق صدر شی نے صدر ٹرمپ سے بات چیت میں کہا کہ مسائل کو ایک ایک کر کے حل کرنے اور مسلسل باہمی اعتماد قائم کرنے سے دونوں ممالک کے درمیان درست تعلقات کی راہ ہموار کی جا سکتی ہے۔ صدر شی نے مزید کہا کہ 2026 کو ایسا سال بنایا جانا چاہیے جس میں چین اور امریکا دو بڑی طاقتوں کے طور پر باہمی احترام، پرامن بقائے باہمی اور مشترکہ فائدے پر مبنی تعاون کی جانب بڑھیں۔ اس موقع پر صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ امریکا اور چین کے تعلقات انتہائی اچھے ہیں اور انہوں نے صدر شی کے ساتھ ہونے والی فون کال کو بہترین قرار دیا۔
دوسری جانب صدر شی جن پنگ نے صدر پیوٹن سے کہا کہ سال کے آغاز سے ہی عالمی صورتحال مزید غیر مستحکم ہو چکی ہے، اور دونوں ممالک کو اسٹریٹجک ہم آہنگی کو مزید مضبوط بنانا چاہیے تاکہ تعلقات درست سمت میں مستحکم انداز میں آگے بڑھتے رہیں۔


































