
کابل : چین کے وزیر خارجہ وانگ یی نے اچانک کابل کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ چین بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ٹیو میں افغانستان کی فعال شرکت کا خیرمقدم کرتا ہے وہ سی پیک کوافغانستان تک توسیع دینے پربھی تیار ہے۔ افغان وزارت خارجہ کے ترجمان کے مطابق وانگ یی نے عبوری وزیر خارجہ امیر خان متقی سے ملاقات کی جس میں کان کنی کے شعبے میں کام شروع کرنے اور چین کے بیلٹ اینڈ روڈ انفراسٹرکچر انیشی ایٹو میں افغانستان کے ممکنہ کردار سمیت سیاسی اور اقتصادی تعلقات پر تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر چین کے وزیر خارجہ نے کہا کہ وہ سی پیک کی توسیع کو افغانستان تک فروغ دینے کے لیے تیار ہیں جس سے افغانستان علاقائی روابط کے لیے ایک پل کا کردار ادا کر سکے گا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ طالبان حکومت افغانستان کو کسی بھی دوسرے ملک کے خلاف کسی بیگانہ طاقت کے ذریعے استعمال نہیں ہونے دے گی۔


































