
بیجنگ : چین نے فلسطین اور اسرائیل کے درمیان امن مذاکرات میں ثالثی کی پیشکش کردی۔ سعودی عرب اور ایران کے درمیان معاہدے کے بعد چین فلسطین اسرائیل مذاکرات کیلئے بھی سرگرم ہوگیاہے۔ چینی وزیرخارجہ چن گانگ نے اسرائیلی اور فلسطینی ہم منصب سے علیحدہ علیحدہ ٹیلی فونک گفتگو کی اور کہا کہ چین فریقین کے درمیان امن مذاکرات میں سہولت کاری کے لیے تیار ہے۔ انہوں نے مذاکرات کی فوری بحالی کی حمایت کی اور کشیدگی پر اظہار تشویش کیا انہوں نے کہا کہ چین کی اولین ترجیح تنازع کو بڑھنے یا بے قابو ہونے سے روکنا ہے۔ انہوں نے دو ریاستی حل پر عملدرآمد کی بنیاد پر امن مذاکرات پر چین کے مؤقف پر زور دیا۔ چین نے حال ہی میں سفارتی میدان میں ثالثی کا کردار ادا کرتےہوئے ایران اور سعودی عرب کے درمیان مارچ میں تعلقات کی بحالی کے لیے بنیادی کردار ادا کیا تھا۔


































