
بیجنگ : چینی سرمایہ کاری فنڈ نے تصدیق کی ہے کہ بیجنگ حکومت نے غزہ کی پٹی پر جاری اسرائیلی جارحیت کے بعد قابض علاقوں میں نئی سرمایہ کاری پر پابندی عائد کر دی ہے۔ بیجنگ کی اس پابندی کا اثر شمالی اسرائیل کے زیرقبضہ علاقے میں واقع ہانیتا لینزز پلانٹ پر بھی پڑا ہے۔ جس میں 80 فیصد حصص چینی کنٹرولڈ فنڈ بالے ویژن کے پاس ہیں۔ ہانیتا کے کچھ رہائشیوں نے فنڈ کے خلاف تل ابیب کی عدالت میں تقریباً 11 ملین ڈالر کا دعویٰ دائر کیا ہے، کیونکہ فنڈ نے پہلے سے طے شدہ شرائط کے تحت باقی حصص خریدنے کا اختیار استعمال نہیں کیا۔ بالے ویژن کے مطابق چینی حکومت نے اسرائیل کے قابض علاقوں کو "ہائی رسک زون” قرار دے دیا ہے جس کی وجہ سے ابھی کوئی نیا لین دین ممکن نہیں۔ اس دوران ہانیتا لینزز کو تین سال میں تقریباً 15 ملین ڈالر کے نقصان اور 4 ملین ڈالر کے قرض کا سامنا کرنا پڑا۔


































