
تہران : ایرانی وزارتِ داخلہ کے مطابق شہید آیت اللہ سید علی خامنہ ای کے سفر آخرت میں شرکت کے لیے نوّے سے زائد ممالک کے نمائندوں، مذہبی رہنماؤں اور عالمی شخصیات نے آمادگی ظاہر کر دی ہے۔ تیس سے زائد ممالک نے اعلیٰ سطحی وفود بھیجنے کی باضابطہ درخواستیں بھی جمع کرا دی ہیں۔ ایران کے نائب وزیرِ داخلہ برائے سکیورٹی اور جنازہ انتظامی کمیٹی کے سیکریٹری علی اکبر پور جمشیدیان نے بتایا کہ سفر آخرت کو قومی اور بین الاقوامی سطح پر مؤثر انداز میں منعقد کرنے کے لیے پروگرام کو چند روز مؤخر کیا گیا ہے۔ ان کے مطابق تقریبات کئی روز تک جاری رہیں گی اور ان کی نگرانی سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل، رہبرِ انقلاب کے دفتر اور حکومتی مرکزی کمیٹی کرے گی۔ سکیورٹی، لاجسٹکس، بنیادی ڈھانچے، میڈیا، ثقافتی امور، جامعات اور بین الاقوامی رابطوں کے لیے خصوصی کمیٹیاں تشکیل دی جا چکی ہیں تاکہ انتظامات کو حتمی شکل دی جا سکے۔ الوداعی اور تدفینی تقریبات تہران، قم، مشہد اور عراق کے مقدس شہروں میں منعقد ہوں گی جبکہ ایران اور عراق کے درمیان انتظامی رابطے بھی مکمل کیے جا رہے ہیں۔ ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ ان تقریبات کا مقصد قومی یکجہتی، عالمِ اسلام کے اتحاد اور نئے رہبرِ انقلاب سے تجدیدِ عہد کا اظہار بھی ہے۔


































