
بیروت : حزب اللہ کے سربراہ شیخ نعیم قاسم نے جنگ بندی دستاویز کو غیر مؤثر اور توہین آمیز قرار دیتے ہوئے مسترد کردیا ہے۔ نعیم قاسم نے کہا ہے کہ امریکی محکمہ خارجہ کی جانب سے شائع کیا گیا جنگ بندی کا مجوزہ متن عملی سطح پر کوئی حیثیت نہیں رکھتا۔ ان کے مطابق یہ دستاویز لبنان کے لیے توہین آمیز ہے اور اسے حکومتِ لبنان نے نہ تو دیکھا ہے اور نہ ہی اس کی منظوری دی ہے۔ امریکی متن میں 10 روزہ جنگ بندی کو اسرائیل کی جانب سے خیرسگالی کا اقدام قرار دیا گیا ہے تاکہ مستقل امن کے لیے مذاکرات کی راہ ہموار کی جا سکے۔ اس میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ اسرائیل کو دفاع کے نام پر فوری یا ممکنہ خطرات کے خلاف کارروائی کا حق حاصل ہوگا۔ شیخ نعیم قاسم نے کہا کہ حقیقی جنگ بندی کا مطلب تمام فوجی کارروائیوں کا مکمل خاتمہ ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ حزب اللہ کسی بھی خلاف ورزی کا جواب دینے کا حق محفوظ رکھتی ہے۔


































