
ایبٹ آباد: سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ امریکی سازش کا حصہ بن کر 22 کروڑ لوگوں کی منتخب حکومت کو ہٹایا گیا۔ ان لوگوں کے ساتھ میر جعفر اور میر صادق شامل تھے۔ ایبٹ آباد میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ میر جعفر سراج الدولہ کا سپہ سالار تھا اس نے انگریزوں کے ساتھ مل کر مسلمانوں سے غداری کی، میر جعفر کی وجہ سے مسلمان انگریزوں کی غلامی میں گئے۔انہوں نےکہاکہ انگریزوں کے ہندوستان سے جانے کے بعد بنگال سب سےغریب صوبہ بن گیا۔ میرصادق نے ٹیپو سلطان کے ساتھ غداری کی اور انگریزوں سے جا ملا ہم اپنے لوگوں کو کسی ملک کے لیے قربان نہیں کریں گے، امریکا کی جنگ میں ہمارا قبائلی علاقہ اجڑ گیا، میں کبھی امریکا کی جنگ میں شامل ہونے کے لیے تیار نہیں تھا۔ امریکا کے لیے اپنی قوم کے مفادات کیوں قربان کروں؟َ امریکا کو مشرف جیسا حکمران چاہیے، جو ایک فون پر چاروں شانے چت ہوجائے۔ انہوں ںے کہا کہ ہم کسی سپر پاور کو نہیں مانتے، ہم کسی کے جوتے پالش کرنے والے نہیں ہیں۔ ہماری پالیسی یہ ہونی چاہیے کہ اپنے لوگوں کو کسی کیلئے قربان نہ کریں، امریکی جنگ میں 80 ہزار پاکستانی شہید ہوئے، لاکھوں ڈالرز کا نقصان ہوا، میں نے ہمیشہ امریکی جنگ کی مخالفت کی، روس اس لیے گیا کہ پاکستان میں تیل اور ڈیزل سستا ملے۔ عمران خان نے کہا کہ شہبازشریف نے کہا ہم بھکاری ہیں ،ہمیں امریکا کی غلامی کرنی چاہیے، شہبازشریف بھکاری آپ ہوں گے قوم نہیں، قوم کوکسی کے سامنے نہیں جھکنے دوں گا، ہم صرف اللہ سے ڈرتے ہیں،کسی سپر پاورکو نہیں مانتے، ہمارےنبی ﷺ نے فرمایا اسلام مسلمانوں کوغیرت دیتا ہے۔ عمران خان نے کہا کہ حکمرانوں کو آپ کے جنون کا خوف ہے، اسلام آباد میں ایک ہی آواز ہوگی کہ ہمیں حقیقی آزادی چاہیے، قوم ان ڈاکوؤں کو کبھی بھی تسلیم نہیں کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ جدھر بھی لوٹے جائیں گے ضمیر فروش اورغدار کے نعرے لگیں گے۔ لوگ کبھی بھی امپورٹڈ حکومت کو تسلیم کرنے کوتیارنہیں ہیں۔


































