
واشنگٹن : امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ بورڈ آف پیس کے رکن ممالک غزہ کی تعمیرِ نو کے لیے پانچ ارب ڈالر سے زائد فنڈز اور ہزاروں اہلکار فراہم کرنے کا اعلان کریں گے۔ امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر بیان میں کہا کہ انیس فروری کو واشنگٹن میں بورڈ آف پیس کے اراکین کے ساتھ دوبارہ ملاقات ہوگی۔ ٹرمپ نے کہا کہ رکن ممالک فنڈز کے علاوہ بین الاقوامی استحکام فورس اور مقامی پولیس کے لیے ہزاروں اہلکار فراہم کرنے کا عزم بھی کریں گے تاکہ غزہ میں امن و امان برقرار رکھا جا سکے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ گزشتہ ماہ ڈیووس، سوئٹزرلینڈ میں دو درجن بانی اراکین نے اس ادارے کے قیام کا جشن منایا اور غزہ کے شہریوں کے لیے ایک جامع وژن پیش کیا۔ ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ بورڈ آف پیس دنیا کی تاریخ کا سب سے بااثر بین الاقوامی ادارہ ثابت ہوگا اور اس کے چیئرمین کے طور پر خدمات انجام دینا ان کے لیے اعزاز ہے۔


































